ایمرجنگ ایشیا کپ جیت کر پاکستان نے بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا

مڈل آرڈر بیٹر طیب طاہر کی شاندار سنچری کی بدولت پاکستان نے ایمرجنگ ایشیا کپ میں روایتی حریف بھارت کے ارمانوں پر پانی پھیرتے ہوئے ایونٹ اپنے نام کر لیا۔
پاکستانی بیٹنگ
کولمبو میں کھیلے جارہے ایمرجنگ ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 352 رنز بنائے اور بھارت کو جیت کے لیے 353 رنز کا ہدف دیا۔
طیب طاہر نے شاندار سنچری اسکور کی اور 108 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 12 چوکے اور چار بلند و بالا چھکے شامل تھے۔
صائم ایوب نے 59 رنز کی اننگز کھیلی، صاحبزادہ فرحان 65 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔مبصر خان نے 35 رنز بنائے، عمیر یوسف بھی 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، محمد حارث 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
بھارت کی جانب سے ریان پراگ اور راج وردھن نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
بھارتی بیٹنگ
ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز ابھیشک شرما اور سائی سدھارشن نے کیا، دونوں نے جارحانہ انداز اپنایا تا ہم 64 کے مجموعی سکور پر سدھارشن 29 رنز بنا کر ارشد اقبال کو وکٹ دے بیٹھے۔
نیکن جوزے 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، یش دھل کی باری 39 سکور پر ختم ہوئی، ابھیشک شرما 61 رنز بنا کر چلتے بنے۔ دیگر کھلاڑیوں میں نیشانت سندھو 10، جوریل 9، ریان پراگ 14، ہرشت رانا 13 ، راج وردھن 11 بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
بھارت کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 224 رنز پر ہمت ہار بیٹھی، قومی ٹیم کے سپنر سفیان مقیم نے 3 شکار کیے، مہران ممتاز ، محمد وسیم اور ارشد اقبال کے حصے میں دو دو وکٹیں آئیں۔
قومی ٹیم نے روایتی حریف کو 128 رنز سے شکست دی، میچ میں بہترین کارکردگی دکھانے پر طیب طاہر مرد میدان قرار پائے۔
وزیراعظم شہباز شریف
دوسری طرف ایونٹ جیتنے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ کھیلوں کے میدان سے ایک اور اچھی خبر ہے، اس بار ہمارے نوجوان کرکٹ ہیروز نے ہندوستان کو پچھاڑ کر ایشیا کپ کا تاج اپنے سر سجا لیا ہے۔
انہوں نے لکھا کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے ہمارے نوجوان کتنے پرجوش اور پرعزم ہیں۔ میں پہلے سے کہیں زیادہ پرعزم ہوں زیادہ سے زیادہ سہولت کے ذریعے کھیلوں کے فروغ کو ترجیح دوں گا۔
آخر میں شہباز شریف نے لکھا کہ شاباش لڑکے۔ پرچم بلند رکھیں۔

Latest Notifications

Create Post