سیلاب متاثرین کیلئے سندھ میں 20 لاکھ گھر بنائیں گے: بلاول بھٹو
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آج سے سیلاب متاثرین کے خوشی کے دن شروع ہو رہے ہیں، 20 لاکھ گھر پورے سندھ میں بنانے ہیں، 20 لاکھ گھر بنانے میں وقت لگے گا۔
لاڑکانہ میں سیلاب متاثرین کے لیے زمین کے مالکانہ حقوق کی فراہمی کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ صوبہ سندھ سےانقلاب شروع ہو رہا ہے، پورے پاکستان میں مہنگائی،غربت بڑھتی جا رہی ہے، اس کا حل ایک ہی ہے کہ عام آدمی کی مدد کرنا ہو گی۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم عام آدمی کو معاشی طور پر مضبوط بنائیں گے، سیلاب سے تاریخی نقصان ہوا، گھر مکمل ہونے سے متاثرین کے حالات بہتر ہوں گے، ایسے گھر بنائیں گے اگر سیلاب آئے گا تو نقصان نہیں ہو گا، سیلاب متاثرین کو مالکانہ حقوق بھی دلوائیں گے۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی نے کہا کہ پاکستان کےعوام اس وقت مشکلات کا شکار ہیں، ہم اس لیے عوام کے لیے انقلابی منصوبے لا رہے ہیں، بھٹو نے روٹی، کپڑا، مکان کا نعرہ لگایا تھا، ہم غریب آدمی کو اس کا حق دلوائیں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ شہید بھٹو، محترمہ کے نظریئے کو سندھ کے ہر ضلع میں لے کر جائیں گے، الیکشن دور نہیں اسی طرح کے منصوبے پورے پاکستان میں پھیلائیں گے، ہم الیکشن جیت کر ان منصوبوں کو ملک بھر میں پھیلائیں گے