متحدہ عرب امارات کے ویزہ سے متعلق نیا فراڈ سامنے آگیا
متحدہ عرب امارات کے ویزہ سے متعلق نئے فراڈ میں جعلسازوں کی جانب سے صارفین کا ڈیٹا چوری کرنے اور رقم بٹورنے سے متعلق خبردار کردیا گیا۔
مقامی میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات میں ویزہ کے لیے درخواست دینے والے مسافروں کو خبردارکیا گیا ہےکہ وہ لوگوں کو رقم بھیجنے کے لیے دھوکہ دینے کی کوشش کرنے والے جعلسازوں کے بڑھتے ہوئے خطرے کی وجہ سے چوکس اورمحتاط رہیں۔
یو اے ای سمیت دنیا بھر کے بہت سے ممالک کے لیے ویزہ خدمات کی سہولت فراہم کرنے والی کمپنی وی ایف ایس گلوبل نے ذاتی تفصیلات چوری کرنے اور مسافروں سے رقم بھیجنے کے لیے دھوکہ دہی کرنے والوں کے خلاف ایک ایڈوائزری جاری کی ہے۔
بتایا گیا ہےکہ کمپنی نے 68 حکومتوں کے ساتھ شراکت داری کی ہے،جو145 ممالک میں 3,300 سے زیادہ درخواست مراکز کے ساتھ ایک عالمی نیٹ ورک چلاتی ہے، اس نے 2001ءمیں اپنے قیام کے بعد سے اب تک 264 ملین سے زیادہ ویزہ درخواستوں پر کارروائی کی ہے، یہ صرف اپنی کلائنٹ حکومتوں کے لیے درخواستوں، پاسپورٹوں اور قونصلرخدمات سے متعلق غیرفیصلہ کن اورانتظامی کاموں کا انتظام کرتی ہے، جس سے وہ پوری طرح سے اہم تشخیصی کام پر توجہ مرکوزکرسکتے ہیں۔