ماؤنٹ ایورسٹ دیکھنے جانے والے سیاحوں کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 6 افراد ہلاک
ماؤنٹ ایورسٹ کے قریب ہیلی کاپٹر گرنے سے 6 افراد ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ منگل کو اس وقت پیش آیا جب سیاحوں کا ایک ہیلی کاپٹر 6 سیاحوں کو لے کر دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ جا رہا تھا۔
سیاح نیپال کے پہاڑی سلسلوں کو دیکھنے کےخواہشمند تھے جس میں اونچی چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ بھی شامل ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیلی کاپٹر نے نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو سے ٹیک آف کیا، جس میں نیپال سے تعلق رکھنے والے پائلٹ سمیت 5 میکسیکن باشندے سوار تھے۔ ٹیک آف کے 10 منٹ بعد ہیلی کاپٹر کا رابطہ منقطع ہوگیا جو بعد میں گر کر تباہ ہوگیا
میڈیا رپورٹس کے مطابق مقامی لوگوں نے جائے حادثہ پر ہیلی کاپٹر کا ملبہ دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی جس کے بعد پولیس اور ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو نکالا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق تمام افراد کی لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جب کہ فوری طور پر ہیلی کاپٹر کے حادثے کی وجہ سامنے نہیں آسکی ہے۔