سیلاب کا خطرہ ،پنجاب حکومت کا دریاؤں کے بیڈز میں آبادیوں کےانخلا کا فیصلہ
پنجاب کی نگران حکومت نے سیلاب کےخطرے کے پیش نظردریاؤں کے بیڈز میں آبادیوں کے انخلا کا فیصلہ کرلیا۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پرایک بیان میں بتایا کہ سیلاب سے نمٹنے کی تیاری کے لیے متعلقہ محکموں کی مشاورت مکمل ہوچکی،تمام ندی نالوں اور دریاؤں کے بیڈز میں غیر قانونی آبادیوں کے انخلا کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
محسن نقوی نے بتایا کہ محکمہ صحت اور ریسکیو کسی بھی قسم کی آفت سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں،پی ڈی ایم اے متعلقہ محکموں کے ساتھ اشتراک کار کر رہا ہے۔
خیال رہے کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے مختلف موسمیاتی ماڈلز کے مطابق دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پردرمیانے درجے کا سیلاب کا امکان ظاہر کیا ہے جس سے ملحقہ نشیبی علاقے ممکنہ اثرات کے زیرِ اثر آسکتے ہیں۔