پاکستان کی جانب سے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں پیش قرارداد پر ووٹنگ کا امکان
سوئیڈن کی مسجد کے سامنے قرآن پاک کی بے حرمتی کے تناظر میں تمام مذاہب کے احترام سے متعلق پاکستان کی جانب سے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں پیش قرارداد پر آج ووٹنگ کاامکان ہے تاہم امریکا، برطانیہ اور فرانس کی جانب سے قرارداد کی مخالفت کا خدشہ ہے۔
اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں پاکستان کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد میں قرآن کریم کی بے حرمتی سمیت مذہبی منافرت کی ہرقسم کی مذمت کی گئی ہے اورزور دیا گیا ہے کہ ایسے واقعات میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
ایسے قوانین بنائے جائیں تا کہ بے حرمتی کے واقعات میں ملوث عناصر کوسزا دی جائے۔ منافرت، دشمنی اور تشدد پر اکسانے والوں سے بھی نمٹا جائے۔ قرارداد میں اقوام متحدہ کی کونسل کے سربراہ سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ مختلف ممالک کے قوانین میں خامیوں کی نشاندہی کریں۔
گزشتہ روزسوئٹزر لینڈ کے شہر جنیوا میں ہونے والے اجلاس میں اقوامِ متحدہ کے ہیومن رائٹس چیف والکرٹرک نےبحث کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ بظاہر قرآن نذرِآتش کرنے جیسے واقعات اشتعال انگیزی اورتقسیم پیدا کرنے کی سوچی سمجھی کوشش لگتے ہیں۔