تھریڈزکی بڑی کامیابی، پانچ دن میں صارفین کی تعداد دس کروڑ سے تجاوز کرگئی
ٹیکنالوجی کمپنی میٹا کی جانب سے دنیا کی معروف ترین سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر کو ٹکر دینے کیلئے متعارف کرائی جانے والی ایب تھریڈزنے کامیابیوں کے جھنڈے گاڑ دیئے اور صرف پانچ دن میں اس کے صارفین کی تعداددس کروڑ سے تجاوزکرگئی ہے۔
میڈیا رپورٹس میں ڈیٹا ٹریکنگ ویب سائٹس کے حوالے سے بتایا گیا کہ میٹا کی ایب تھریڈز نے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹول چیٹ جی پی ٹی کا ریکارڈ توڑ کر سب سے زیادہ تیزی سے 10 کروڑ صارفین بنانے کا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔
خیال رہے کہ چیٹ جی پی ٹی کو 10 کروڑ صارفین کا سنگ میل طے کرنے میں 2 ماہ کا عرصہ لگا تھا جبکہ ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک کو ایسا کرنے میں 9 ماہ جبکہ انسٹاگرام کو ڈھائی سال لگے تھے۔
میٹا کمپنی کی جانب سے تھریڈز کو 5 جولائی کی شب 100 سے زائد ممالک میں ایپل اور اینڈرائیڈ ایپ اسٹورز کے ذریعے متعارف کرایا گیا تھا۔جبکہ اس کوابھی یورپ میں پیش نہیں کیا گیا کیونکہ میٹا کو خدشہ ہے کہ یورپی یونین کے ڈیٹا پرائیویسی قوانین کے باعث اسے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔