شانگلہ ، مارتونگ میں پہاڑی تودہ گرنے سے 8 بچے جاں بحق
شانگلہ کے علاقے مارتونگ میں پہاڑی تودہ گرنےسے 8 بچے جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہوگیا۔
تفصیلات کےمطابق شانگلہ کے علاقے مارتونگ میں ریت کیلئے کھدائی کے دوران ریت اور مٹی کا تودہ کرکٹ کھیلتے ہوئے بچوں پر آگرا ، جس نتیجے میں 8 بچے جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہوگیا۔
جاں بحق ہونے والوں میں 6 سال کے شایان ولد حفیظ اللہ، 6 سال کے ایان ولد نقیب اللہ، 10 سال کے ظفران ولد تاج کریم، 10 سال کے رضا ولد حفیظ اللہ، 12 سال کے سجاول ولد تاج کریم ، 12 سال کے حارث ولد نجم اللہ، 14 سال کے عظمت اللہ ولد رئیس، 10 سال کے رحمت اللہ ولد سیّد کریم شامل ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق ملبے سے 8 لاشوں کو نکال لیا گیا ہے، جبکہ ایک بچے کو زخمی حالت میں نکال کراسپتال منتقل کردیا گیا ۔ آپریشن میں تین ایمبولینسز، 22 اہلکارمصروف ہیں۔
اہل علاقہ کے مطابق بچے کھیل میں مصروف تھے ، اچانک تودہ آ گرا،ملبے میں مزید 3 بچے دبے ہو سکتے ہیں۔
دوسری جانب ریسکیو مشن کے لئے پاک فوج کی ٹیمیں روانہ ہوگئیں ، جو سول انتظامیہ کو ریسکیو مشن میں ہر ممکنہ مدد فراہم کریں گی۔