دبئی میں مڈلینڈ ڈاکٹرز کی سماجی خدمات کے حوالے سے تعارفی تقریب کا انعقاد

 

دبئی (طاہر منیر طاہر) دبئی کےایک ہوٹل میں ’’دا مڈ لینڈ ڈاکٹرز‘‘ کی سماجی خدمات کے حوالے سے پروقار تعارفی تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب کےمہمان خصوصی ہیڈ آف چانسری دبئی قونصلیٹ رحیم اللہ خان تھے۔ تقریب میں مڈ لینڈ ڈاکٹرز کی جانب سے کئے جانےوالے فلاحی کاموں اور سماجی خدمات کا احاطہ کیا گیا۔تقریب میں یواے ای میں مقیم، بزنس کمیونٹی اور طبی شعبہ سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات پاکستان ایسوسی ایشن دبئی کے صدر ڈاکٹر فیصل اکرام ، شبیر مرچنٹ ، رضوان فینسی ، آئی سی سی کے جی ایم وسیم خان اور ڈاکٹر نگہت آفتاب نے شرکت کی۔تقریب کے میزبان ڈاکٹر تزئین فیصل اور فیصل نعمانی تھے۔ چیئرمین ٹرسٹیز ڈاکٹر سید یوسف افتخار، وائس چیئرمین ڈاکٹر جاوید احمد رضا کی سربراہی میں انسانی ہمدردی کی کوششوں کے معیارکو سراہا گیا۔ دی میڈ لینڈ ڈاکٹرز کی بنیاد (2005 کے تباہ کن زلزلےکے بعد) برطانوی پاکستانی ڈاکٹروں کے ایک گروپ نے رکھی تھی جو یوکے میں چیریٹی کمیشن میں رجسٹرڈ ہے۔متحدہ عرب امارات میں تنظیم کا دفتر 2018 میں دبئی میں قائم کیا گیا جو دبئی کے انٹرنیشنل ہیومینٹیرین سٹی میں ڈاکٹر اسرار راشد کے زیر انتظام کام کر رہا ہے،تنظیم کی ایدھی فاؤنڈیشن، ڈبلیو ایچ او، ایس او ایس، ریڈ فاؤنڈیشن اور اے پی این اے (ایسوسی ایشن آف پاکستانی فزیشنز آف نارتھ امریکہ) کے ساتھ قریبی شراکت داری ہے۔تنظیم کے زیر اہتمام آزاد کشمیر میں مڈ لینڈ ڈاکٹرز میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کے ذریعے پاکستان کے مختلف علاقوں میں غریبوں اور ضرورت مندوں کو صحت کی دیکھ بھال کی خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔تقریب میں لوگوں کی تفریح طبع کے لئے موسیقی کا اہتمام بھی کیا گیا تھا جس میں ممتاز وائلن استاد رئیس کے بیٹے عثمان رئیس اور ان کے بینڈ کے اراکین اقبال علی، اقتدار علی اور فرحان میتھیو کی خوبصورت پرفارمنس نے سامعین کو بہت محظوظ کیا۔

Latest Notifications

Create Post