آپس میں تفرقہ نہ کرو، اختلاف کے وقت اللہ اور رسولﷺ سے رجوع کرو، خطبہ حج
میدان عرفات کی مسجد نمرہ میں خطبہ حج دیتے ہوئے شیخ ڈاکٹر یوسف بن محمد بن سعید نے کہا ہے کہ اے ایمان والو تفرقہ بازی سے بچو، یک جان بن کر رہو۔ آپس میں کوئی تفرقہ نہ کرو۔ اختلاف کے وقت اللہ اور اُسکے رسول کی طرف رجوع کرو۔ تقوی اختیار کرو۔ اللہ سے ڈرتے رہو ۔۔ اپنی اصلاح کی کوشش کرو تاکہ کامیاب ہو جاؤ۔ کسی عربی کو عجمی پر عجمی کو عربی پر فوقیت نہیں۔ فوقیت کا معیار صرف تقویٰ ہے۔
میدان عرفات میں شیخ ڈاکٹر یوسف بن محمدبن سعید نے خطبہ حج دیا جسے لاکھوں عازمین سمیت دنیا بھر میں موجود کروڑوں مسلمانوں نے ٹی وی پر براہ راست سنا۔
اپنے خطبہ حج میں انہوں نے کہا کہ اللہ کے سوا دنیا میں کوئی معبود نہیں، وہی زندگی دیتا ہے اور وہی موت دیتا ہے۔شریعت نے اور چیزوں سے بھی منع کیا ہے، جو افواہیں پھیلائی جاتی ہیں، یہ ہو گیا وہ ہوگیا، اللہ کا حکم ہے، اے مومنوں اگر تمہارے پاس کوئی ایسی خبر لے کر آئے جس میں شک ہو تو تحقیق کر لیا کرو، کہیں افواہیں پھیلا کر اس کی وجہ سے مصیبت میں نہ ڈال دو اپنے مسلمان بھائیوں کو، اسی وجہ سے مومن بہت سے ذرائع کو جمع کرنے کا اہتمام کرتا ہے، جس سے مسلمان جڑ کر رہ سکیں۔جو شخص اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی اطاعت کرے گا وہ ہمیشہ ہمیشہ کی جنت میں داخل ہوگا اور یہی اصل کامیابی ہے۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے کہ دنیا میں فیصلہ اور حکم صرف اللہ تعالیٰ کا ہی چلتا ہے۔