نواز شریف کی وطن واپسی، وزیراعظم نے قانونی ٹیم تشکیل دیدی
وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کی وطن واپسی کے معاملے پر قانونی ٹیم تشکیل دے دی۔
واضح رہے کہ نواز شریف کی پاکستان واپسی کی امیدیں اس وقت بڑھ گئیں جب اتوار کے روز قومی اسمبلی نے قانون میں ترمیم کر کے کسی رکن پارلیمنٹ کی نااہلی کو زیادہ سے زیادہ پانچ سال تک محدود کر دیا، جس سے تاحیات پابندی والے افراد کے لیے عوامی عہدے کے لیے انتخاب لڑنے کی راہ ہموار ہو گئی۔
نواز شریف اور استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے سربراہ جہانگیر خان ترین ان لوگوں میں شامل ہوں گے جو اس اقدام سے مستفید ہوں گے۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے دونوں سینئر سیاستدانوں کو بالترتیب جون اور دسمبر 2017 میں آئین کے آرٹیکل 62(1)(f) کے تحت نااہل قرار دیا تھا۔
ذرائع کے مطابق لیگی قائد کی واپسی کے معاملے پر قانونی ٹیم تشکیل کی سربراہی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کریں گے، معاون خصوصی عطاء اللہ تارڑ، عرفان قادر اور قانونی مشیر کمیٹی میں شامل ہوں گے، نواز شریف کے کیسز کی پیروی کرنے والے امجد پرویز اور دیگر وکلا کو بھی کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے۔