جائیداد کی خرید و فروخت میں آسانی، الیکٹرانک رجسٹریشن کی سہولت کا آغاز
لاہور میں الیکٹرانک رجسٹریشن کی سہولت کا آغاز ہوگیا، جائیداد کی خریدو فروخت کیلئے اسٹامپ فروشوں کے پاس خواری کا فرسودہ نظام ختم ہوگا، گھر بیٹھے ای اسٹامپ چالان حاصل کئے جا سکیں گے۔
بورڈ آف ریونیو کے احکامات پر عملدرآمد کے ساتھ ہی جائیداد کے معاملات اب گھر بیٹھے حل کرائے جا سکیں گے، جائیداد کی خرید و فروخت کیلئے اسٹامپ فروشوں کے پاس دھکے کھانے سے نجات ملے گی۔
بورڈ آف ریونیو کی ہدایت پر لاہور میں الیکٹرانک رجسٹریشن کی سہولت کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر کا کہنا ہے کہ ای رجسٹریشن کی سہولت سے گھر بیٹھے ای اسٹامپ چالان حاصل کیا جا سکے گا، صارفین گھر بیٹھے ازخود وثیقہ لکھنے کی سہولت، بائع مشتری اور گواہان کا اندراج بھی کر سکیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ کمپیوٹر کا علم نہ رکھنے والوں کیلئے لاہور کے 9 زونز میں ای رجسٹریشن ہیلپ ڈیسک بھی قائم کر دیئے گئے ہیں، سب رجسٹرار کے سامنے بیانات اور بایو میٹرک تصدیق کے بعد رجسٹری کی نقل فوری دستیاب ہوگی۔
رافعہ حیدر کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے پرچہ رجسٹری اور فرد کے انتقال کے اندراج کے معاملات میں دھوکہ دہی کا خاتمہ بھی ممکن ہوگا۔