حرم مکی اور مسجد نبویﷺ میں عازمین حج کیلئے فوٹوگرافی سے متعلق اہم ہدایات جاری
سعودی عرب نے حرم مکی اورمسجد نبویﷺ میں فوٹوگرافی سے متعلق اہم ہدایات جاری کردیں۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی وزارت حج نے حج کے دوران حرم مکی اور مسجد نبوی ﷺ میں فوٹو گرافی کے حوالے سے چند ہدایات جاری کی ہیں،جن کے ذریعے وزارت حج نے عازمین پر زور دیا ہے کہ وہ حج کے بابرکت موقعے سے فائدہ اٹھائیں اور نیک اعمال پر مکمل انہماک کے ساتھ توجہ دیں۔
اس سلسلے میں وزارت حج نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ مناسکِ حج کی ادائیگی کے دوران تصویر کھنچواتے وقت چند آداب کو ملحوظِ خاطر رکھنا ہوگا تاکہ دیگر عازمین کو آپ کے اس عمل کی وجہ سے کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اس حوالے سے عازمین حج کے لیے جاری ہدایت میں کہا گیا ہے کہ زیادہ دیر تک کھڑے رہنے سے گریز کریں، حاجیوں کے راستوں سے دور رہیں، ٹریفک میں رکاوٹ پیدا کرنے کا باعث مت بنیں اور دوسروں کی رازداری کے مکمل احترام کو بھی یقینی بنایا جائے۔
سعودی حکام کے مطابق 7 لاکھ سے زائد عازمین حج مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں، گزشتہ روز آنے والے زائرین کی کل تعداد 29 ہزار 090 تھی، ان میں سے 25 ہزار 962 مدینہ منورہ کے پرنس محمد بن عبدالعزیزانٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچے جب کہ گزشتہ روز تک 5 لاکھ 56 ہزار953 عازمین مدینہ منورہ حاضری کے بعد مکہ مکرمہ روانہ ہو گئے اورایک روز قبل تک مدینہ منورہ میں مقیم عازمین کی تعداد 1 لاکھ 61 ہزار 021 ریکارڈ کی گئی۔