آئی ایم ایف معاہدہ نہ ہوا تو پاکستان ڈیفالٹ کرسکتا ہے ، بلوم برگ
پاکستانی معیشت کیلئے خطرے کی گھنٹی بجاتے ہوئے معروف امریکی جریدےبلوم برگ نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کیساتھ معاہدہ نہ ہوا تو حالات بگڑ سکتے ہیں ،جبکہ پاکستان آئی ایم ایف سےاکتوبرمیں نئےپروگرام پرمذاکرات کرسکتا ہے۔
بلوم برگ انٹیلی جنس یونٹ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کواگرآئی ایم ایف پروگرام نہ ملاتو معاشی حالات مزید بگڑ سکتے ہیں،پاکستان آئی ایم ایف سےاکتوبرمیں نئےپروگرام پرمذاکرات کرسکتا ہے،اوراس کے ساتھ ڈیفالٹ سے بچنےکیلئے دوست ملکوں سے بھی معاونت کی ضرورت ہے۔
رپورٹ کے مطابق آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ نہ ہونے سے پاکستان کے ڈیفالٹ ہونےکے خطرات بڑھ جائیں گے،جس سےنئےمالی سال میں پاکستان کیلئےمزید معاشی مشکلات ہوسکتی ہیں،معاشی بہتری کیلئے آئی ایم ایف قرض پروگرام کی بحالی کی شدید ضرورت ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جون کے آخر تک پاکستان کو مزید 90 کروڑ ڈالر واپس کرنا ہیں، جولائی تا دسمبر 4 ارب ڈالرز واپس کرنا ہیں،زرمبادلہ کے ذخائر 4 ارب ڈالر سے نیچے آئے تو ڈیفالٹ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔
بلوم برگ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کو دسمبر تک ڈالر محفوظ بنانے کی ضرورت ہے۔