سمندری طوفان بائپر جوائے تھم گیا ،بپھری لہریں معمول پرآنے لگیں
سمندری طوفان بائپرجوائے تھم گیا،سمندرکی بپھری لہریں بھی معمول پر آنے لگی ہیں ، محکمہ موسمیات نے ایک سے دو روز میں موسم معمول پر آنے کی پیشگوئی کی ہے۔
تیز لہروں کے باعث کراچی کے ساحل پر ہزاروں کی تعداد میں فین شیل آگئے،ماہرین کے مطابق فین شیل بیرون ممالک میں تین سے چار ڈالر یں فروخت ہوتے ہیں،فین شیل کے اندر موجود گوشت جنوب مشرقی اشیائی ممالک کو برآمد کیاجاتا ہے۔
چشمہ گوٹھ میں سمندرکا پانی داخل تو ہوا مگرآبادی کو کوئی نقصان نہیں ہوا،ریڑھی گوٹھ کے ماہی گیر آٹھ روز سے شکار کیلئے کھلے سمندر میں نہ جانے پرپریشان ہیں۔
این ڈی ایم اے
اس سے قبل این ڈی ایم اے کے مطابق طوفان بھارتی گجرات کا ساحل عبور کرنے کے بعد کمزور ہو گیا ہے، شدت میں کمی کے بعد سمندری طوفان انتہائی شدید سے شدید میں تبدیل ہوچکا، آج شام تک شدت مزید کم ہونے کے بعد درجہ بندی ڈپریشن میں تبدیل ہوجائے گی، مرکز کے گرد ہوا کی رفتار 100 سے 80 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔
این ڈی ایم اے نے کے مطابق طوفان کےپاکستان کی ساحلی پٹی پرممکنہ اثرات مزید پیشرفت پر منحصر ہیں،متعلقہ ادارے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں، طوفان کے مکمل اثرات ختم ہو نے تک عوام محتاط رہیں۔
چیف میٹرولوجسٹ سردارسرفراز
چیف میٹرولوجسٹ سردارسرفرازکا کہنا ہے کہ کراچی سے سمندری طوفان بائپر جوائے کا خطرہ ٹل گیا ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق بائپر جوائے گجرات میں جاکھاؤ پورٹ اور ملحقہ سرحد کو کراس کرگیا، طوفان کے باعث ہوا کی رفتار 120 کلومیٹر فی گھنٹا ہے، شمال مشرقی بحیرہ عرب میں لہریں 10سے15 فٹ بلند ہیں، طوفان نےجہاں لینڈ فال کیا وہ کراچی سے 270 کلومیٹرمشرق میں ہے۔