یونان کے ساحل پر کشتی اُلٹ گئی، پاکستانیوں سمیت 78 افراد زندگی کی بازی ہار گئے
تارکین وطن کو لے جانے والی ماہی گیری کی ایک کشتی کے الٹنے بعد یونان کے ساحل پر پاکستانیوں سمیت 78 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں، درجنوں لاپتہ ہونے کا خدشہ ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یونان کے سمندر میں تارکین وطن کی کشتی گنجائش سے زیادہ افراد کے سوار ہونے کے باعث تیز ہواؤں کے تھپیڑوں اور بلند لہروں کا مقابلہ نہ کرسکی۔ کشتی کا توازن بگڑا اور وہ الٹ گئی۔
یونانی حکام کے مطابق کشتی میں 500 سے لیکر 700 افراد سوار تھے جو پانی میں ڈوب گئے۔ فوجی طیارے، ہیلی کاپٹر اور 6 کشتیوں کے ساتھ ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے 100 افراد کو سمندر سے بحفاظت نکال لیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق کشتی اُلٹنے کے باعث 78 افراد ہلاک ہوگئے۔ زندہ بچ جانے والوں میں سے چار کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ جن کی حالت تشویشناک ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز نے یونانی ٹی وی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ مطابق ہلاک ہونے والوں کی عمریں 20 سال اور 30 سال کے درمیان تھی۔
ترجمان کوسٹ گارڈ کا کہنا ہے کہ حادثہ بحیرہ آیونی میں پیش آیا تھا۔ کسی نے بھی لائف جیکٹ نہیں پہنی ہوئی تھی۔ حادثے کی شکار کشتی کے تارکین وطن کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ بظاہر لگتا ہے کہ تارکین وطن لیبیا سے اٹلی جا رہے تھے۔ ایک اور واقعے میں یونان کی کوسٹ گارڈ نے 80 تارکین وطن کو لے جانے والی ایک بادبانی کشتی کو بھنور میں پھنس جانے پر بچالیا۔ کشتی کو کھینچ کر بندرگاہ لایا گیا۔