سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کےدرمیان فائرنگ کا تبادلہ،پاک فوج کے3 جوان شہید، 3 دہشتگرد بھی مارےگئے

 

شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 3 امن دشمنوں کو منطقی انجام تک پہنچا دیا گیا۔ دفاع وطن کا فریضہ نبھاتے ہوئے پاک فوج کے 3 جوان وطن پر قربان ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق میران شاہ میں سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کےدرمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا،فائرنگ کے تبادلے میں3 دہشتگرد جہنم واصل جبکہ 4 زخمی ہوگئے۔امن دشمنوں کا جوانمردی سے مقابلہ کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کے تین بہادر جوانوں نے شہادت کے تمغے سینے پر سجا لیے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق 40 سالہ صوبیدار اصغر علی شہید اور 26 سالہ سپاہی نسیم خان شہید کا تعلق لکی مروت سے تھا۔ایبٹ آباد کے رہائشی 22 سالہ سپاہی محمد زمان بھی شہداء میں شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دوران آپریشن دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ علاقے میں موجود دہشتگردوں کے مکمل خاتمے کے لیے آپریشن جاری ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے بہادر جوانوں کی لازوال قربانیاں سیکیورٹی فورسز کے انسداد دہشتگردی کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

 

Latest Notifications

Create Post