سمندری طوفان کے پیش نظر ماہی گیروں کے لیے ایڈوائزری جاری
بحیرہ عرب میں سمندری طوفان کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر حب زاہد خان نے ماہی گیروں کیلئے ایڈوائزری جاری کر دی۔
پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ (پی ایم ڈی) کی جانب سے جاری کردہ موسمی ایڈوائزری کے مطابق سمندری طوفان "بائپر جوائے" رُخ تبدیل ہونے کے بعد شمال مشرق کی جانب بڑھ رہا ہے، طوفان ساحلی علاقوں کی طرف مزید بڑھ سکتا ہے۔
ڈی سی حب نے کہا کہ ماہی گیر 12 جون بروز پیر سے کھلے سمندر میں اس وقت تک شکار کیلئے نہ نکلیں جب تک سمندری طوفان بحیرہ عرب سے گزر نہ جائے، سمندرمیں اونچی لہروں کی وجہ سے ساحلی علاقوں کے ماہی گیر احتیاطی تدابیر اپنائیں۔
زاہد خان نے کہا کہ ساحلی علاقوں میں 13 جون کی رات سے 14 جون کی صبح تک بارش، گرج چمک اور تیز ہواؤں کا امکان ہے، ضلعی انتظامیہ کے ماتحت ادارے الرٹ اور بحیرہ عرب میں سمندری طوفان سے متعلق مسلسل آگاہی حاصل کی جا رہی ہے۔
ڈپٹی کمشنر حب زاہد خان نے کہا کہ ہم این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے کے ذرائع سے بھی معلومات اکٹھی کر رہے ہیں۔