اردنی ولی عہد کی شادی میں ملکہ نیدرلینڈ کی پاکستانی ڈیزائنر کے لباس میں شرکت
ہالینڈ کی ملکہ میکسیما نے اردن کے ولی عہد شہزادہ حسین بن عبداللہ اور سعودی شہری شہزادی رجوہ کی شادی کے استقبالیے میں پاکستانی ڈیزائنر ماہ پارہ خان کا تیار کردہ لباس پہن کر تقریب کے شرکا کو دنگ کر دیا۔
نیدرلینڈ میں پاکستان کے سفارتخانے کی جانب سے ایک ٹوئٹ میں بتایا گیا کہ "ہمیں خوشی ہے کہ ملکہ میکسیما نے اردن کے ولی عہد کی عروسی تقریبات میں شرکت کے لئے پاکستانی ڈیزائنر ماہ پارہ خان کا تخلیق کردہ ڈریس منتخب کیا ہے۔"
ماہ پارہ خان نے اپنے انسٹاگرام اکائونٹ پر اپنے کام کو فخر سے پیش کرتے ہوئے ملکہ میکسیما کی تصاویر شائع کی۔ ڈیزائنر کے مطابق انہوں نے لباس کی تخلیق میں روایتی مغلیہ طرز میں دپکا، نقشی، ریشم اور گوٹے کا کام کیا گیا ہے۔
ماہ پارہ نے امید ظاہر کی کہ جنوبی ایشیا کے مزید ہنر مند افراد کے کام کو عالمی سطح پر سراہا جائے گا۔