ناقابل تردید شواہد کے بعد انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے نام پر چھپنا بے سود ہے، آرمی چیف
آرمی چیف جنرل سیّد عاصم منیر کی زیر صدارت ہونے والی فارمیشن کمانڈرز کانفرنس کے دوران عزم کا اظہار کیا گیا کہ ملک میں افراتفری پھیلانے والوں کے خلاف گھیرا تنگ کیا جائے گا، اب وقت آ گیا ہے کہ ان کے منصوبہ سازوں اور ماسٹر مائنڈز کے خلاف قانون کی گرفت مضبوط کی جائے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق سپہ سالار جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت جنرل ہیڈ کوارٹرز ( جی ایچ کیو) میں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس ہوئی، اس کانفرنس میں کور کمانڈرز، پرنسپل اسٹاف آفیسرز اور پاک فوج کے تمام فارمیشن کمانڈرز نے شرکت کی۔
بیان کے مطابق فورم نے شہداء کی عظیم قربانیوں، جن میں مسلح اَفواج، قانون نافذ کرنے والے اِداروں کے افسران وجوانوں اور سِول سُوسائٹی کے شہداء شامل ہیں، کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔
فارمیشن کمانڈ کانفرنس کے شرکاء نے سانحہ 9 مئی کے واقعات کی سخت ترین مذمت کی ، اور عزم کا اظہار کیا کہ مذموم مقاصد کے حصول کے لیے ریاست اور ریاستی اداروں کے خلاف نفرت پروان چڑھانے اور ملک میں افراتفری پھیلانے والوں کے خلاف گھیرا تنگ کیا جائے گا۔ اب وقت آ گیا ہے کہ ان کے منصوبہ سازوں اور ماسٹر مائنڈز کے خلاف قانون کی گرفت مضبوط کی جائے۔