آئی ایم ایف معاہدے کیلئے پر امید، مذاکرات ناکام ہوئے تو کمر کس لیں گے، وزیراعظم شہباز شریف

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات ناکام ہوتے ہیں تو عوام نے ماضی میں چیلنجز کا سامنا کیا ہے اور اگر ضرورت پڑی تو ہم اپنی کمر کس لیں گے اور کھڑے ہوں گے۔
ان خیالات کا اظہار وزیراعظم نے ترک صدر رجب طیب اردوان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے موقع پر ترک خبر رساں ادارے کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔
انٹرویو کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ ہم اب بھی بہت پرامید ہیں کہ آئی ایم ایف پروگرام عمل میں آئے گا، آئی ایم ایف کی طرف سے ہمارا 9واں جائزہ تمام شرائط و ضوابط سے مطابقت رکھتا ہے اور امید ہے ہمیں اس مہینے کچھ اچھی خبر ملے گی، تمام شرائط پوری کر دی ہیں،آئی ایم ایف کی ہر ایک شرط کو پیشگی اقدامات کے طور پر پورا کیا گیا ہے۔ان میں سے کچھ اقدامات عام طور پر بورڈ کی منظوری کے بعد پورے کئے جاتے ہیں لیکن اس بار آئی ایم ایف کا تقاضا تھا ان اقدامات کو بورڈ کی منظوری سے پہلے پورا کیا جائے، اس لئے ہم نے ان کو پورا کیا۔
آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات ناکام ہونے کی صورت میں ہنگامی منصوبہ کے حوالہ سے شہباز شریف نے پاکستانی قوم کے عزم اور استقامت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوام نے ماضی میں چیلنجز کا سامنا کیا ہے اور اگر ضرورت پڑی تو ہم اپنی کمر کس لیں گے اور کھڑے ہوں گے۔

 

Latest Notifications

Create Post