سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کے لئے سرگرمیاں تیز
سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرکے لیےمتحدہ قومی موومنٹ پاکستان اور جی ڈی اے نے مشاورت شروع کر دی ہے،جی ڈی اے نے ایم کیوایم سے اپنے امیدوارکی حمایت کا مطالبہ کیا ہے۔متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف میں ٹوٹ پھوٹ اوربعض اراکین کے روپوش ہوجانے کے بعد اپوزیشن لیڈرکی تبدیلی کے لیے حکمت عملی بنالی گئی ہےاور نئے اپوزیشن لیڈر کے لیے باضابطہ طور پر چند روز میں درخواست جمع کرائی جائے گی۔
ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے اپوزیشن لیڈر کے لیے علی خورشیدی، رعنا انصار، خواجہ اظہار الحسن، جاوید حنیف اور محمد حسین کے نام زیرِ غور ہیں۔دوسری جانب جی ڈی اے نے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرکے لیے اپنے امیدوارکی حمایت کے لیے تحریک لبیک ، ایم ایم اے اورایم کیوایم سے مشاورت کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سندھ اسمبلی میں اپوزیشن کا عہدہ جی ڈی اے کودیا جائے اوران کے نامزد کردہ امیدوارکواپوزیشن لیڈربنایا جائے۔
سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر پاکستان تحریک انصاف کے حلیم عادل شیخ ہیں اوران سمیت پی ٹی آئی کے متعدد اراکین 9 مئی کے بعد سے روپوش ہیں۔سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم کی 21 جی ڈی اے کی 16 اور پی ٹی آئی کی 30 نشستیں ہیں