امریکی سینیٹ کی خارجہ امور کی کمیٹی کے سربراہ سینیٹر باب مینینڈز نے پاکستان میں شہریوں بشمول دہری شہریت رکھنے والے افراد کی پکڑ دھکڑ پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اُسے انتہائی تشویش ناک معاملہ قرار دیا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق حالیہ دنوں میں امریکی کانگریس سے تعلق رکھنے والے درجنوں ارکان نے انتظامیہ پر خط کے ذریعے زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پاکستان کے اندر انسانی حقوق اور آزادی اظہار سے متعلق صورتِ حال کا نوٹس لے۔
سینٹر باب مینینڈز نے کہا کہ پاکستان میں انسانی حقوق کی صورتِ حال بیحد تشویشناک ہے اور حالیہ عرصے میں ہونے والی من مانی گرفتاریاں ناقابلِ برداشت ہیں۔ اپنے نظریات کا اظہار کرنے والے افراد کی من مانی گرفتاریاں ناقابلِ برداشت ہیں اور جمہوری اقدار سے مطابقت نہیں رکھتیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام پاکستانیوں کے حقوق کا احترام کیا جانا چاہیے بشمول اُن لوگوں کے لیےقانونی طریقہ کار کا ، جو اس وقت حراست میں ہیں، اوران د یگرحقوق کا (احترام کیا جائے) جو پاکستان کے آئین نے ان کو دیے ہیں۔