انسداد دہشت گردی عدالت نےچیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے بعد نو مئی کو جی ایچ کیو گیٹ پرحملے میں ملوث بارہ ملزمان کو فوجی عدالت میں ٹرائل کیلئے فوج کے حوالے کرنے کی درخواستیں منظورکرلیں ۔
راولپنڈی کےتھانہ اراے بازاراورسول لائنزمیں دہشتگردی ایکٹ کے تحت درج مقدمات میں گرفتار ملزمان کی حوالگی کی درخواستیں دوملٹری کمانڈنگ افسران نے دائرکی تھیں ۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے جج حامد حسین نے 12 حملہ آور ملٹری کمانڈنگ افسران کے حوالے کرنے کا بڑا حکم دیتے ہوئے اڈیالہ جیل کے سپریٹنڈنٹ کو حکمنامہ جاری کردیا۔
تھانہ سول لائنز میں درج مقدمے میں جاری حکم نامے کے مطابق اڈیالہ جیل میں موجود ملزمان علی حسین، لعل شاہ، شہریار ذوالفقار،حسین،نادر اور فرہاد خان کو کمانڈنگ آفیسر فرحان نذیر قریشی کے حوالے کرنے کا حکم دیا گیا ہے ۔
جبکہ تھانہ آر اے بازار میں درج مقدمے میں گرفتار ملزمان محمد ادریس، عمر فاروق، راجہ محمد احسان،محمد عبداللہ،راجہ دانش اور اسود کو کمانڈنگ آفیسر محمد یاسر نواز چیمہ کے حوالے کرنے کا حکم نامہ جاری ہوا ۔
یاد رہے کہ گرفتار ملزم محمد ادریس میونسپل کارپوریشن راولپنڈی میں گریڈ 11کا ملازم ہے،جسے پیڈا ایکٹ کے تحت نوکری سے برطرف بھی کیا جا چکا ہے ۔
عدالتی حکم کے مطابق ملزمان آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی دفعہ 3، 7 ، 9 اور آرمی ایکٹ کی دفعہ ٹو ون ڈی کے تحت جرم کے مرتکب ہوئے ، ان کا مقدمہ صرف فوجی عدالت میں ہی چل سکتا ہے۔
واضح رہے کہ جی ایچ کیو حملہ کیس میں پولیس کی خصوصی ٹیموں نے مجموعی طور پر105ملزمان کو گرفتار کر رکھا ہے،جن میں سے 20کی دودن قبل سینٹرل جیل اڈیالہ میں گواہان نے شناخت پریڈ کی تھی،جبکہ مزید ملزمان کی شناخت پریڈ کا عمل مرحلہ وارجاری ہے۔