تاجروں ،سرمایہ کاروں اورطلبا ء کے لئے انتہائی کم وقت میں وزٹ ویزوں کا اجر
پاکستان ،یو اے ای بزنس کونسل کے چیئرمین فخر الدین دیوان نے 24گھنٹے میں وزٹ ویزا جاری کرنے کے متحدہ عرب امارات کی حکومت کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ تاجروں ،سرمایہ کاروں اورطلبا ء کے لئے انتہائی کم وقت میں وزٹ ویزوں کا اجرا انتہائی خوش آئند اقدام ہے جس کا سہرا کراچی کے قونصل جنرل بخیت اے الرمیثی کے سر ہے ۔ ملاقات کے لئے آنے والے وفد سے سے گفتگو کرتے ہوئے فخر الدین دیوان نے کہا کہ یہ اقدام پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ہر طرح کے تعلقات بالخصوص کاروباری تعلقات کی بنیاد بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے لئے بے پناہ پوٹینشنل ہے تاہم بعض اوقات ویزا ء کے اجرا کے چیلنجوں کی وجہ سے اس کی رفتار سست ہوجاتی ہے۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تجارتی تعلقات کی ایک طویل تاریخ ہے اور اس نے دونوں برادر ممالک کے درمیان تجارت کو آزاد کرنے میں بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔پاکستانی مصنوعات کو متحدہ عرب امارات کی منڈیوں میں سخت مسابقت کا سامنا ہے ،پاکستانی کمپنیوں کو مسابقت اور حالات کو سمجھنے اور مقابلہ کرنے کے لیے باقاعدگی سے سفر کرنا پڑتا ہے اور انتہائی کم وقت میں ویزوں کے اجراء کے نتیجے میں متحدہ عرب امارات کی مارکیٹوں تک پہنچنے میں آسانی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ دبئی تعلیم، سیاحت اور کاروباروں کی تشہیر کا ایک مرکز بھی ہے جو پاکستان کے لئے بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔انتہائی کم وقت میں ویزروں کے اجراء سے پاکستانیوں کے لئے بے پناہ مواقع پیدا ہوئے ہیں جسے تیز رفتار ترقی اور خوشحالی کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے اور متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط کیا جا سکتا ہے۔