آرمی چیف جنرل سیّد عاصم منیر نے کہا ہے کہ افواجِ پاکستان کا ہرسپاہی سیاسی تعصبات سے بالاترہو کر صرف اپنے فرائض کو مقدم رکھتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار سپہ سالار نے شہداء اور غازیوں کے اعزاز میں جی ایچ کیو میں تقریب تقسیم اعزازات کے موقع پر کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق شہداء اورغازیوں کے اعزازمیں جی ایچ کیومیں تقریبِ تقسیم اعزازات منعقد ہوئی، اس دوران سپہ سالار نے پاک فوج کے افسران وجوانوں کواعزازات سے نوازا۔ تقریب میں بڑی تعداد میں پاک فوج کے سینئر افسران اورشہداء کے اہلخانہ نے شرکت کی۔
بیان کے مطابق 51 افسران کو ستارہ امتیاز(ملٹری) ،22 افسران کو تمغہ بسالت اور2 جوانوں کو اقوامِ متحدہ کے خصوصی میڈل کے اعزاز سے نوازا گیا۔
اس موقع پر جنرل عاصم منیر نے 25 مئی کو “یومِ تکریمِ شہداءِ پاکستان “ منانے کا اعلان کر دیا۔