میانمار میں سمندری طوفان نے تباہی مچادی، ہلاکتوں کی تعداد سو تک پہنچ گئی

 

سمندری طوفان موچا نے میانمار میں تباہی مچادی، جہاں ہلاکتوں کی تعداد سو تک پہنچ گئی ہے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق میانمارمیں سمندری طوفان موچا کے باعث مغربی صوبے رخائن کے متعدد علاقے زیرِ آب آ گئے ہیں، اور ہلاکتوں کی تعداد 100 تک پہنچ چکی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ رپورٹس کے مطابق دو سودس کلومیٹر کی رفتارسے چلنے والی تیز ہواوں کی وجہ سے کچے مکانات اورجھونپڑیوں کی چھتیں اڑ گئیں اورحکام کو لاکھوں افراد کو محفوظ مقامات پر پہنچانے کے لیے کافی جدوجہد کرنی پڑی۔

سمندری طوفان کے باعث میانمار کے مشرقی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہے۔اور سب سے زیادہ تباہی روہنگیا مسلمانوں کے کیمپوں میں ہوئی۔

ریاست راکھائن کے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں، مختلف مقامات سے لاشیں مل رہی ہیں، اور ہلاکتوں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق طوفان سے متاثرہ علاقوں میں بجلی کی ترسیل منقطع ہے اور متعدد ماہی گیر کشتیاں ناکارہ ہو گئی ہیں،صوبہ رخائن کے دارالحکومت ویتوی میں مواصلاتی لائنوں کی تعمیر و مرّمت کا کام جاری ہے اور گلیوں اور شاہراہوں کو صاف کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب سے طوفان کے بنگلادیش کے ساحل سے ٹکرانے کے نتیجے میں ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے،واضح رہے کہ سمندری طوفان موچا 2 روز قبل میانمار اور بنگلادیش کے ساحلوں سے ٹکرایا تھا۔

رپورٹس کے مطابق موچا سمندری طوفان کو سن 2007 کے بعد سے اب تک کا سب سے طاقت ور سمندری طوفان قرار دیا جا رہا ہے۔ اس کی وجہ سے متعدد افراد ہلاک ہوگئے اور لاکھوں افراد کو محفوظ مقامات پر پہنچانا پڑا ہے۔

یاد رہے کہ طوفان ’موچا‘ کے پیشِ نظر بنگلا دیش سے تقریباً ساڑھے سات لاکھ افراد کا انخلاء کرا لیا گیا۔

 

Latest Notifications

Create Post