پاکستان نے سوڈان میں قیام امن کیلئے سعودی عرب کی کوششوں کاخیرمقدم کیا ہے۔
ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کی کوششوں کا خیرمقدم اورحمایت کرتا ہے، جدہ میں سوڈان اورریپڈ اسپورٹ فورسزقلیل المدتی جنگ بندی معاہدے تک پہنچے، معاہدے کے نتیجےمیں عوام کوہنگامی انسانی امدادکی فراہمی کی جائے۔
ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان سوڈان میں فریقین کے درمیان صورتحال کے سیاسی حل کیلئے اصولی حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔
خیال رہے کہ امریکا اور سعودی حکومتوں نے آپس میں برسر پیکار سوڈانی فوج اور ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان براہ راست مذاکرات جدہ میں شروع ہونے کی تصدیق کی ہے۔ سعودی عرب نے دونوں نے فریقیں پر زور دیا کہ وہ سوڈانی قوم اور اس کے عوام کے مفادات کو مدنظر رکھیں اور جنگ بندی کے قیام اور تنازع کے خاتمے کے لیے مذاکرات کا حصہ بنیں۔
واضح رہے کہ فوج کی قیادت کرنے والے سوڈان کے لیڈر عبدالفتاح البرہان اور ریپڈ سپورٹ فورسز کی قیادت کرنے والے ان کے نائب و حریف محمد حمدان ڈگلو کی فورسز کے درمیان تقریباً تین ہفتوں سے جاری لڑائی میں سیکڑوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔