ایک ہی ویزے پر تمام ملکوں کا دورہ، خلیجی ممالک کا اہم اعلان

 

خیلج تعاون تنظیم (جی سی سی) ممالک کیلئے نئے شینگن طرز کے ویزے کی منصوبہ بندی کرلی گئی، دنیا بھر کے شہری ایک ہی ویزے پر تمام ممالک کا دورہ کرسکیں گے۔
خلیج ٹائمز کے مطابق خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے ممالک سیاحوں کیلئے شینگن طرز کا ویزا شروع کرنے کے خواہاں ہیں، جس سے خطے کے تمام ممالک کیلئے آمدنی اور آمد و رفت میں اضافے کی توقع ہے۔
دبئی میں عربین ٹریول مارکیٹ کے دوران خطاب کرتے ہوئے بحرین میں سیاحت کی وزیر فاطمہ السیرافی نے کہا کہ جی سی سی ممالک کے درمیان وزارتی سطح پر بات چیت ہورہی ہے کہ کس طرح متحد واحد ویزا حاصل کیا جائے۔
انہوں نے بتایا کہ ہم کوشاں ہیں کہ یہ جلد ہوجائے کیوں کہ ہم دیکھتے ہیں کہ لوگ بیرون ملک سے یورپ کیلئے پرواز کرتے ہوئے عام طور پر ایک ملک کی بجائے کئی ممالک میں اپنا وقت گزارتے ہیں، اس سے ہم نے اس قدر کا مشاہدہ کیا ہے جو اس سے کسی ایک ملک کو نہیں بلکہ تمام ممالک کو مل سکتی ہے، بحرین کو متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کے ساتھ مل کر ایسے اقدامات کی وجہ سے فائدہ ہوا ہے۔
فاطمہ السیرافی کا کہنا ہے کہ ہم نے 2022ء کیلئے 83 لاکھ (8.3 ملین) سیاحوں کا ہدف بنایا تاہم اس سے بھی زیادہ 99 لاکھ (9.9 ملین) سیاحوں نے دورہ کیا، کیوں کہ ہم نے یو اے ای اور دیگر جی سی سی مارکیٹوں کے ساتھ مل کر بحرین کی سیاحتی مارکیٹ کو فروغ دیا، اس کے نتیجے میں سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ جب ہم نے 100 سے زائد ٹور آپریٹرز کے ذریعے ایک مشترکہ لائحہ عمل بنایا تو سیاحوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا۔
امارات کی وزارت اقتصادیات کے انڈر سیکریٹری عبداللہ الصالح نے پینل بحث کے دوران کہا کہ تمام جی سی سی ممالک اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ سیاحت کا شعبہ ان کی معیشتوں کی ترقی کیلئے بہت ضروری ہے، ہمارے پاس ایک مشترکہ مارکیٹ اور متحد پالیسیاں ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ سیاحت کے شعبے میں جی سی سی ترقی کو آسان بنانے کیلئے متحد ضوابط، پالیسیوں اور طریقۂ کار کے ذریعے رسد اور طلب دونوں پہلوؤں سے فائدہ اٹھا سکتا ہے، جی سی سی میں لوگوں کے بڑھتے ہوئے بہاؤ کے ساتھ یہ بتدریج ہموار ہوتا جارہا ہے۔
الصالح نے مزید کہا کہ جی سی سی ممالک کا خیال ہے کہ اگر وہ اس خطے میں آنے والے سیاح خاص طور پر طویل فاصلے سے آنیوالے سیاحوں کیلئے ایک اچھا تجربہ فراہم کرتے ہیں تو وہ ایک ملک کا دورہ کرنے کی بجائے ان تمام ممالک کے دوروں کا پروگرام بنائیں گے۔
یو اے ای کے وزیر کا کہنا ہے کہ سیاح بغیر کسی پابندی کے متعدد ممالک کا دورہ، سرحد پار سفر کی سہولت سے جی سی سی میں مختلف ممالک کا دورہ کرنے کیلئے ایک مشترکہ پیکیج پر زیادہ خوش ہوں گے۔
اس موقع پر سعودی ٹورازم اتھارٹی کے سی ای او فہد حمید الدین نے کہا کہ ان دنوں مسافر کسی ملک کا نہیں بلکہ ایک خطے کا سوچتے ہیں، مجھے یقین ہے کہ کل کے مسافر ہمیشہ متعدد اسٹاپوں، راستوں اور علاقوں کو دیکھیں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ قطر میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ سے سعودی عرب کو بہت فائدہ ہوا اور یہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ مشترکہ پیشکشوں کو فروغ دیا جاسکتا ہے اور اس سے سب کو فائدہ پہنچایا جاسکتا ہے۔
 

Latest Notifications

Create Post