پاکستانیوں کیلئے ویزا پروسیسنگ آسان بنارہے ہیں، برطانوی ہائی کمشنر
برطانیہ کے ویزا سسٹم میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے بائیو میٹرک درخواست گزاروں کے لیے ویزا اسٹیکر اور پاسپورٹ اسٹمپ ختم کردی گئیں۔
ایک انگریزی اخبار کے مطابق برطانوی ہائی کمیشن کے جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ برطانیہ میں 6 ماہ سے زائد قیام کرنے والوں کو آن لائن اکاؤنٹ بنانا ہوگا۔
اس آن لائن اکاؤنٹ میں امیگریشن اور ویزا کا ریکارڈ محفوظ ہوگا۔ 6 ماہ سے کم قیام کرنے والوں کو یہ اکاؤنٹ نہیں بنانا پڑے گا۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ برطانوی ویزے کے لیے دی جانے والی درخواستوں کو مرحلہ وار آن لائن کیا جارہا ہے۔ ڈجیلٹلائزیشن پروسیس کی اپ گریڈیشن سے فزیکل دستاویزات کا پیش کیا جانا ختم کردیا جائے گا۔
ڈجیٹل کی طرف شفٹنگ کے باوجود بایو میٹرک ریزیڈنس پرمٹ (بی آر پی) 31 دسمبر 2024 تک کارآمد رہے گا۔ برطانیہ کا سفر کرنے والے بی آر پی ساتھ رکھیں۔
پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے بتایا کہ برطانیہ جانے والے پاکستانیوں کے لیے سسٹم میں جدت لائی جارہی ہے اور نئی ٹیکنالوجی کا استعمال ویزا کے حصول کے عمل کو محفوظ اور پیپرلیس بنائے گا۔