موٹر وے پر ہائی ٹیک ڈکیتی، پاکستانی نژاد امریکی فیملی کو لُوٹ لیا گیا
امریکا سے آئی ہوئی پاکستانی فیملی کو عید کے موقع پر موٹر وے پر ہائی ٹیک کی مدد سے لُوٹ لیا گیا۔ چارسدہ کے نزدیک تین ڈاکوؤں نے رات کے دو بجے ’ٹائر بلاسٹر‘ کے ذریعے ٹائر کو پنکچر کرکے گاڑی رُکوائی اور واردات کی۔
پاکستانی نژاد امریکی فیملی خیبر پختونخوا سے اسلام آباد جارہی تھی۔ مقامی پولیس کے مطابق یہ واردات اتوار 16 جون کی رات کی ہے۔
ٹائر کو پنکچر کرکے گاڑی رکوانے کے بعد مسلح ڈاکوؤں نے تین آئی فون، 58 ہزار روپے اور دو تولہ سونا لُوٹ لیا۔ متاثرہ فیملی رشتہ داروں کے ساتھ عید منانے آئی ہوئی ہے۔
اس واردات کی تفتیش اور ملزمان کے تعین و گرفتاری کے لیے ایس پی انویسٹی گیشن چارسدہ کے سربراہی میں خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔
پولیس نے 6 مشتبہ ملزمان کو حراست میں لے کر تفتیش کی ہے۔ موقع کی جیو فینسنگ کرلی گئی ہے۔ جرائم پیشہ افراد کے گروہوں کا ریکارڈ کھنگالا جارہا ہے۔
ریجنل پولیس افسر مردار ظہور بابر آفریدی کا کہنا ہے کہ واردات کے بعد ملزم پیدل فرار ہوئے۔ اُنہوں نے کہا ہے کہ ملزمان کو بہت جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔