کراچی سے تعلق رکھنے والے 2 افراد سویڈن کی جھیل میں ڈوب گئے
سویڈن کے شہراسٹاک ہوم میں کراچی سے تعلق رکھنے والے دو دوست مبینہ طور پر جھیل میں ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔
یکم جون کو کراچی کے دو دوست عارف زیدی اور سلمان نسیم دیگر دوستوں کے ہمراہ شہر میں موجود جھیل پر باربی کیو پکنک کرنے کیلئے گئے تھے، مبینہ طور پر جھیل میں نہانے کے بعد سطح پر نہیں آئے، پولیس اور ایمبولینس کی مدد سے دونوں کی میتیں نکالی گئیں۔
متوفی عارف زیدی کے بڑے بھائی خالق زیدی نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ واقعے کے حوالے سے تفتیش آج سے شروع ہوگی، تفتیش مکمل ہونے کے بعد میتیں کراچی منتقل کی جائیں گی۔
خالق زیدی نے بتایا کہ کسی کو نہیں معلوم کہ حادثہ کیسے ہوا، سوشل میڈیا پر ایک لڑکے نے جائے وقوعہ کی ویڈیو اپلوڈ کی ہے، دونوں کی میتوں کو ہیلی کاپٹر اور ایمبولینس سے نکالا گیا ہے۔ میتیں تفتیش کے بعد پاکستان لائی جائیں گی۔