کیا نان فائلرز کی سمیں واقعی بند ہوجائیں گی؟
ملک بھر میں نان فائلرز کی سمیں بلاک کرنے کے معاملے پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) اور ٹیلی کام آپریٹرز کے درمیان اتفاق ہوگیا ہے۔ نان فائلرز کی سمیں بلاک کرنے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔
ایف بی آر کے مطابق 10 مئی کو 5 ہزار نان فائلرز کی سمیں بلاک کرنے کی تفصیلات ٹیلی کام آپریٹرز کو مہیا کردی گئی ہیں۔ ٹیلی کام آپریٹرز نے چھوٹے بیچز میں مینوئل طریقے سے سمیں بلاک کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
ایف بی آر حکام کے مطابق ٹیلی کام آپریٹرز کو روزانہ کی بنیاد پر مزید بیچز بھیجے جائیں گے۔ ٹیلی کام آپریٹرز نے نان فائلرز کو سمیں بلاک کرنے سے خبردار کرنے کے پیغامات بھیجنا شروع کردیے ہیں۔ نان فائلرز کی سمیں بلاک کرنے سے ٹیکس وصولی میں اضافہ ہوگا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز حکومت نے ایف بی آر کو نان فائلرز کے خلاف پلان بی پر عملدرآمد کے لیے گرین سگنل دے دیا تھا۔ پلان بی کے تحت نان فائلرز کے خلاف 15 مئی کے بعد ایکشن شروع ہونا تھا جس کے تحت اگر نان فائلرز کی سم بند نہ ہوئی تو اضافی ود ہولڈنگ ٹیکس لانے اور نان فائلرز کی سم پر 2.5 فیصد اضافی ٹیکس لگانے پر بھی غور کیا جارہا ہے۔