چین نے 12 ممالک کیلئے ویزا فری انٹری پالیسی میں توسیع کردی
چین نے ملائیشیا سمیت 12 ممالک کے شہریوں کے لیے ویزا فری انٹری پالیسی میں 2025 کے اختتام تک توسیع کردی۔
اس توسیع کا اعلان 6 مئی 2024 کو چین فرانس بزنس کونسل کے چھٹے اجلاس کی اختتامی تقریب کے دوران فرانس میں چینی صدر شی جن پنگ کی طرف سے کیا گیا ہے جبکہ ان 12 ممالک میں فرانس، جرمنی، اٹلی، ہالینڈ، سپین، ملائیشیا، سوئٹزرلینڈ، آئرلینڈ، ہنگری، آسٹریا، بیلجیم اور لکسمبرگ شامل ہیں۔
در حقیقت نومبر 2023 میں یورپی ممالک اور ملائیشیا کے محدود انتخاب کے لیے متعارف کرایا گیا ویزا فری سسٹم ابتدائی طور پر نومبر 2024 میں ختم ہونے والا تھا تاہم، اس کی کامیابی ، سیاحت اور معیشت پر مثبت اثرات کی وجہ سے اس میں توسیع ضروری سمجھی گئی۔
2023 میں کورونا پابندیوں میں نرمی کے بعد چین میں بین الاقوامی سیاحوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ دیکھا گیا ہے۔
ویزا فری پالیسیوں میں توسیع چین کی وسیع تر حکمت عملی کا حصہ ہے تاکہ بین الاقوامی سیاحت کے ذریعے اپنی معیشت کو بحال کیا جا سکے، اس حکمت عملی میں مارچ 2024 کے وسط سے آسٹریا، بیلجیم، ہنگری، آئرلینڈ، لکسمبرگ اور سوئٹزرلینڈ کے شہریوں کے لیے ویزا کے قوانین میں نرمی اور اسی طرح کے ویزا فری اندراجات کو متعارف کرانا شامل ہے۔
دیگر یورپی اور ایشیائی ممالک کے لیے بھی اضافی پائلٹ پروگرام شروع کیے گئے ہیں، بدقسمتی سے پاکستان ابھی تک اس فہرست میں شامل نہیں ہو سکا۔