اسرائیل نے ایران پر جوابی حملہ کردیا، اصفہان شہر پر میزائلوں کی بارش
امریکی ٹی وی چینل ’اے بی سی نیوز‘ کے مطابق اسرائیل نے ایران کے شہر اصفہان میں ایک ہدف کو نشانہ بنانے والے میزائلوں کی بابت بتایا ہے جبکہ ایران کے سرکاری ٹی وی نے بھی اصفہان میں دھماکوں کی خبر دی ہے۔ تاہم ایران نے متعدد شہروں میں ایئر ڈیفینس سسٹم بحال کردیا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے اے بی سی نیوز نے ایک نامعلوم سینئر امریکی اہلکار کے حوالے سے بتایا ہے کہ اسرائیلی میزائلوں نے ایران کے شہر اصفہان میں ایک جگہ کو نشانہ بنایا ہے۔
دوسری جانب ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن نے بھی اصفہان میں دھماکوں کی اطلاع دی، ملک میں فضائی دفاعی نظام فعال ہوگیا جبکہ تہران اور اصفہان سمیت کئی علاقوں میں پروازیں معطل کر دی گئی ہیں۔
تاحال جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے، نہ ہی ایران کی طرف سے کوئی سرکاری طور پر ردعمل سامنے آیا ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے حملے میں ہوائی اڈے کو نشانہ بنایا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شام اور عراق میں بھی دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جبکہ امریکا اور کئی یورپی ممالک اسرائیل سے مطالبہ بھی کرتے رہے ہیں کہ وہ ایرانی حملے کا جواب نہ دے۔
اصفہان کو تزویراتی طور پر ایک اہم شہر سمجھا جاتا ہے اور یہ ایک ایسا شہر ہے جو کئی اہم مقامات کی میزبانی کرتا ہے، یہاں ایرانی فوجی تحقیقاتی ادارے اور فضائی اڈے بھی موجود ہیں، اصفہان کے قریب ہی نطنز شہر ایران کے جوہری افزودگی کی جگہوں میں سے ایک ہے۔
دوسری جانب تجارتی پروازوں نے بھی آج صبح بغیر کسی وضاحت کے مغربی ایران کی طرف اپنے راستوں کا رخ موڑنا شروع کر دیا کیونکہ ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی فارس نے کہا ہے کہ اصفہان شہر میں دھماکے کی آوازیں سنی گئی ہیں۔
قبل ازیں شام کے دارالحکومت دمشق میں ایران کے قونصل خانے پر حملہ ہوا تھا جس میں ایران کے ایک سینئر جنرل سمیت متعدد ہلاکتیں ہوئی تھیں۔ ایران نے الزام عائد کیا تھا کہ یہ حملہ اسرائیل نے کیا ہے۔ اس کے بعد ایران نے اسرائیل پر ڈرون اور میزائلوں کی بوچھاڑ کی تھی۔