وزیراعظم شہبازشریف کی سعودی ولی عہد سے ملاقات، دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال
وزیراعظم شہبازشریف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی ہے۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے وزیراعظم شہبازشریف کے اعزاز میں افطار ڈنر دیا گیا جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات ہوئی۔
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیراعظم شہبازشریف اور وفد کے اراکین کا استقبال کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان دو طرفہ تعلقات اور باہمی امور پر تبادلہ خیال بھی ہوا جبکہ پاک ، سعودی تجارتی اور سرمایہ کاری کے امور پر بھی گفتگو کی گئی۔
بحرینی امیر سے ملاقات
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے افطار ڈنر کے موقع پر وزیراعظم شہبازشریف کی بحرین کے امیر شہزادہ سلمان بن حمد آل خلیفہ سے بھی ملاقات ہوئی۔
بحرینی ولی عہد شہزادہ سلمان بن حمد آل خلیفہ نے وزیراعظم شہباز شریف کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
اس موقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان باہمی تعلقات کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔
اس سے قبل وزیراعظم شہبازشریف عمرہ کی ادائیگی کے لئے مدینہ منورہ سے مکہ مکرمہ پہنچے جہاں پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے وزیر اعظم اور ان کے وفد کا مکہ ریلوے اسٹیشن پر استقبال کیا ۔
شہبازشریف نے گذشتہ روز مدینہ منورہ میں روضہ رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم پر حاضری بھی دی تھی اور پاکستان کی سلامتی اور عالم اسلام کی سربلندی کے لئے دعائیں کیں ۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وفاقی وزرا اسحاق ڈار ، خواجہ آصف ، محمد اورنگزیب ، عبدالعلیم خان ، عطاءاللہ تارڑ ، احدچیمہ بھی شہبازشریف کے ہمراہ ہیں ۔