پاکستانی معیشت درست سمت پر گامزن، مہنگائی کم ہوگی: یواین اکنامک سروے
اقوام متحدہ کی جانب سے جاری کیے گئے اقتصادی سروے میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کی معاشی ترقی میں تیزی آئی ہے، اس کے علاوہ مہنگائی کم ہونے کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔
یو این اکنامک سروے میں بتایا گیا ہے کہ مالی سال 25-2024 کے دوران پاکستان معاشی طور پر ترقی کررہا ہے اور اگلے مالی سال میں اس کی حقیقی شرح نمو میں 2 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوگا۔
سروے میں کہا گیا ہے کہ مالی سال 2025 میں مہنگائی کی شرح 12.2 فیصد ہو جائے گی۔
یواین اکنامک سروے کے مطابق پاکستانی معیشت کو سیاسی عدم استحکام نے متاثر کیا، جبکہ 2022 میں آنے والے سیلاب کی وجہ سے زرعی پیدوار متاثر ہوئی۔
سروے میں کہا گیا ہے کہ 2023 میں آئی ایم ایف سے ہونے والے معاہدے کے باعث معیشت میں بہتری آنا شروع ہوئی۔
اکنامک سروے کے مطابق حکومت کی جانب سے توانائی کے شعبے میں سبسڈیز ختم کرنے سے معیشت بہتری کی طرف آئی۔ جبکہ جی ڈی پی کے لحاظ سے ٹیکس کی شرح کم ہے۔
سروے میں کہا گیا ہے کہ ایشیا پیسیفک کے ترقی پذیر ممالک کو مناسب اورطویل المدتی وسائل کی ضرورت ہے، کیونکہ ترقی پذیر ممالک کو زیادہ شرح سود پر لیا گیا قرض اتارنے کے علاوہ عوام پر وسائل خرچ کرنے کی حکمت عملی بھی ترتیب دینا ہوتی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ورلڈ بینک اور بلوم برگ بھی اپنی رپورٹس میں بتا چکے ہیں کہ پاکستانی معیشت بہتری کی طرف جا رہی ہے۔
حکومت ایس آئی ایف سی کے پلیٹ فارم سے سرمایہ کاروں کو راغب کررہی ہے، جبکہ خسارے میں چلنے والے اداروں کی نجکاری کا حتمی فیصلہ بھی ہوچکا ہے جس کا آغاز پی آئی سے ہونے جارہا ہے