کراچی: شہری کے اغوا میں ملوث سی ٹی ڈی کے 4 اہلکار گرفتار
شہر قائد میں شہری کے اغوا اور تشدد میں ملوث پائے گئے محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) کے 4 اہلکاروں کو گرفتار کر لیا گیا۔
ڈی آئی جی آصف اعجاز نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ شہری کے اغوا اور تشدد میں ملوث سی ٹی ڈی کے چاروں اہلکاروں کو ایس آئی یو نے گرفتار کر لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چاروں اہلکاروں کو سی ٹی ڈی گارڈن کے دفتر سے گرفتار کیا گیا، چاروں پولیس اہلکار واقعے میں ملوث پائے گئے تھے۔
گرفتار اہلکاروں نے 2 شہریوں کو غیرقانونی طور پر حراست میں لیا تھا اور 4 لاکھ روپے وصول کیے تھے۔
شہری کی مدعیت میں ٹیپو سلطان تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا جس میں پولیس اہلکاروں کی جانب سے شہری سے 4 لاکھ روپے وصول کیے جانے کی شکایت درج کرائی گئی تھی۔
گزشتہ سال دسمبر میں پنجاب کے شہر ملتان میں بھی شہری کو اغوا کر کے تاوان وصول کرنے کا واقعہ سامنے آیا تھا۔ اہلکاروں نے شہری کو اغوا کر کے اہلخانہ کو دھمکیاں دیں اور 2 کروڑ روپے تاوان طلب کیا تھا۔