وزیراعظم شہباز شریف کا ججوں کو ملنے والے دھمکی آمیز خطوط کی تحقیقات کرانے کا اعلان
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے سپریم کورٹ اور ہائیکورٹس کے ججوں کو ملنے والے دھمکی آمیز خطوط کی تحقیقات کرانے کا اعلان کردیا۔
کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان نے کہاکہ ججوں کو جو دھمکی آمیز خطوط موصول ہورہے ہیں، حکومت اس معاملے پر اپنی ذمہ داریاں پوری کرےگی۔
وزیراعظم نے کہاکہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججوں کی جانب سے لکھے گئے خط کے معاملے پر گیند اب عدالت کی کورٹ میں ہے، کیونکہ حکومت کی جانب سے جو کمیشن تشکیل دیا گیا تھا اس کے سربراہ نے معذرت کرلی ہے۔
انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس نے معاملے پر ازخود نوٹس لے لیا اور اس پر ایک سماعت بھی ہوچکی ہے۔
اس موقع پر وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے مطلع کیاکہ رواں ماہ پاکستان کو آئی ایم ایف کی آئندہ قسط موصول ہوجائے گی، تاہم اسی کے ساتھ ہی انہوں نے خبردار کیا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام کی شرائط آسان نہیں ہوں گی۔