عازمینِ حج کی لازمی تربیت کا دوسرا مرحلہ عید الفطر کے بعد شروع ہوگا
وزارت مذہبی امور نے عازمینِ حج کی لازمی تربیت کا دوسرا مرحلہ عید الفطر کے بعد شروع کرنے کا اعلان کردیا۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق عازمین حج کی لازمی تربیت کا دوسرا مرحلہ عید الفطر کے بعد شروع کیا جائے گا جبکہ مجوزہ امتحان میں کامیاب نہ ہونے کی صورت میں دوبارہ تربیتی سیشن دلوانے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ چیف حج ٹرینر احمد ندیم خان کی زیرصدارت اہم اجلاس میں طے پایا کہ دوسرے مرحلے میں تمام صوبوں کے بڑے شہروں میں حج تربیت کااہتمام کیا جائے گا۔
حج تربیت گاہوں میں وادی منیٰ کی طرز کے ماڈل کیمپ لگائے جائیں گے اور تمام عازمینِ حج کیلئے کم ازکم دو تربیتی ورکشاپس میں شرکت لازم ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ سمندر پار پاکستانی حج کیلئے روانگی سے قبل حاجی کیمپ سے تربیت حاصل کریں گے۔