وزیراعظم کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کا اجلاس ، ملکی مفاد میں سخت فیصلے لینے کے عزم کا اظہار
وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کا اجلاس ہوا جس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیاہے ، اجلاس میں سابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ، آرمی چیف جنرل عاصم منیر ، سبکدوش اور نئی وفاقی کابینہ ، وزرائے اعلیٰ اور دیگر سرکاری افسران نے شرکت کی ۔ کمیٹی کو ایس آئی ایف سی کے اقدام اور ملک میں سرمایہ کاری پر بریفنگ دی گئی ۔
اجلاس کے دوران شہبازشریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں ایس آئی ایف سی آگے بڑھنے کا راستہ ہے، ملک کی خدمت کےلیےایسےفولادی عزم کی ضرورت ہےجوپہلےکبھی نہیں تھی، معاشی استحکام کی رفتار کو برقرار رکھنے کیلئے ایک مربوط ٹیم کے طور پر کام کریں۔ وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کو سیاسی اختلافات ایک طرف رکھنے کی ہدایت بھی کی ۔
اجلاس کے دوران آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ملکی معیشت کی بحالی کے اقدامات میں بھر پور حمایت اور معاونت کے عزم کا اظہار کیا ، انہوں نے ایپکس کمیٹی کی 2023 میں ایس آئی ایف سی کی لانچنگ پر وزیراعظم کی لیڈر شپ کی کھل کر تعریف بھی کی اور ملک کودرپیش چیلنجز سے نکلنے کیلئے ایپکس کمیٹی نے اتفاق رائے سے آگے بڑھنے پر زور دیا ۔ایپکس کمیٹی نے پالیسیوں کے تسلسل اور ملکی مفاد میں سخت فیصلے لینے کے بھی عزم کا اظہار کیا ۔