افغانستان نے تعاون نہ کیا تو اس کی بھارت سے تجارتی راہداری بند کردیں گے، پاکستان کا انتباہ

وزیر دفاع خواجہ آصف نے افغانستان کو تنبیہ کی ہے کہ اگر وہ اپنی سرزمین پرپاکستان مخالف دہشت گردوں کو روکنے میں ناکام رہتا ہے تو پھر اس کی بھارت کے ساتھ تجارتی بند کردی جائے گی۔
امریکی خبررساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ جب افغانستان ہمارے ساتھ دشمن جیسا سلوک کررہا ہو تو ہم اسے تجارتی راہداری کیوں فراہم کریں۔

انہوں نے کہا کہ اگر صورتحال بہتر نہ ہوئی تو پاکستان افغانستان کی بھارت کے ساتھ تجارتی راہداری بند کرسکتا ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ مسلح تصادم نہیں چاہتا لیکن طاقت ہی آخری چارہ ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ سرحد پار دہشت گردی بہت بڑھ چکی ہے اس لیے پاکستان کابل میں ڈی فیکٹو حکمرانوں کو یہ پیغام دینا چاہتا ہےکہ ہم معاملات اس طرح جاری نہیں رکھ سکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ فروری 2023 میں کابل کے دورے میں طالبان وزرا پر واضح کردیا گیا تھا کہ وہ ٹی ٹی پی کے ماضی کے احسانات کی وجہ سے پاکستان کے ساتھ کچھ غلط نہ ہونے دیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر ٹی ٹی پی نے طالبان پر کوئی احسان کیا بھی تھا تو وہ ان کے شکرگزار رہیں لیکن ان پر قابو بھی رکھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ طالبان ٹی ٹی پی کو ہمارے ساتھ جنگ شروع نہ کرنے دیں اور ان کے اتحادی نہ بنیں۔

خواجہ آصف نے امید ظاہر کی کہ افغانستان ٹی ٹی پی کو قابو میں رکھنے کا پاکستان کا واحد مطالبہ پورا کرے گا۔

Latest Notifications

Create Post