مفتی منیب الرحمن نے صدقہ فطر، فدیہ صوم اور کفارہ صوم کا اعلان کردیا
رویت ہلال کمیٹی کے سابق چیئرمین مذہبی اسکالر مفتی منیب الرحمان نے فطرہ، فدیہ صوم اور کفارہ صوم کا اعلان کردیا ہے۔
مفتی منیب الرحمان نے کہا کہ گندم کا آٹا دو کلو، فطرہ اور ایک روزے کا فدیہ 300روپے ہے، صدقہ فطر اور فدیے کی کم از کم مقدار 300 روپے فی کس ہے، اہلِ ثروت اپنی مالی حیثیت کے مطابق فطرہ، فدیہ اور کفّارہ ادا کریں۔
اسی طرح جو مسلمان ‘جو’، ‘کھجور’، ‘کشمش’ اور ‘پنیر’ کے حساب سے فطرہ ادا کرنا چاہتے ہیں ان کے لیے نصاب کچھ اس طرح ہے۔
اعلامیے کے مطابق ، جَو(چارکلو) فطرہ اور ایک روزے کا فدیہ 600روپے ہے، کھجور(چار کلو) فطرہ اور ایک روزے کا فدیہ 2400روپے ہے، کشمش ( چار کلو) فطرہ اور ایک روزے کا فدیہ 4400روپے ہے۔
مفتی منیب کا کہنا ہے کہ روزہ توڑنے کا کفارہ60مساکین کو دووقت کا کھانا کھلانا ہے، گندم کا آٹا دوکلو(چکی والا) 18,000روپے، جَو چار کلو 36,000روپے، کھجور (چار کلو) 144,000روپے اور کشمش ( چار کلو) 2,64,000روپے ہے۔
اعلامیے کے مطابق گندم کے حساب سے یہ فطرہ، فدیہ اور کفارات کی کم سے کم رقم ہے، جن حضرات کو اللہ تعالیٰ نے رزق میں کشادگی عطا کی ہے وہ اپنی مالی حیثیت کو پیش نظر رکھتے ہوئے جو، کھجور، کشمش یا پنیر کے حساب سے فطرہ، فدیہ اور کفارات ادا کریں۔
واضح رہے کہ صدقہ فطر عید کی نماز سے قبل ادا کرنا ضروری ہے جبکہ گھر کے سربراہ کو اپنے پیاروں یعنی بیوی اور بچوں وغیرہ کا فطرانہ بھی ادا کرنا ہوگا۔