قومی اسمبلی کی نشستوں کے مطابق پارٹی پوزیشن جاری، ن لیگ سب سے بڑی پارلیمانی جماعت بن گئی

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 8 فروری کے عام انتخابات میں جیتنے والی سیاسی جماعتوں کی قومی اسمبلی میں پارٹی پوزیشن جاری کر دی ہے، جس کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن (پی ایم ایل این) 108 نشستوں کے ساتھ قومی اسمبلی میں سب سے بڑی پارلیمانی جماعت بن کر سامنے آئی ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری فہرست کے مطابق دوسرے نمبر پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد اراکین کے سنی اتحاد کونسل میں شامل ہونے کے بعد نشستوں کی تعداد 81 ہو گئی ہے تاہم سنی اتحاد کونسل کو ابھی تک مخصوص نشستیں جاری نہیں کی گئیں۔

الیکشن کمیشن کی فہرست کے مطابق 8 آزاد اراکین ابھی کسی جماعت میں شامل نہیں ہوئے جب کہ پیپلز پارٹی کے قومی اسمبلی میں مخصوص نشستوں کے ساتھ اب تعداد 68 ہو گئی  ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے جاری فہرست میں پارٹی پوزیشن میں جنرل نشستیں اور مخصوص نشستیں شامل کی گئی ہیں۔

فہرست کے مطابق قومی اسمبلی کی جنرل نشستوں پر پاکستان مسلم لیگ ن کی کل 75 نشستیں تھیں، جن میں 9 آزاد اُمیدواروں کی شمولیت کے بعد ان کی تعدد 84 ہو گئی۔

مسلم لیگ ن کو قومی اسمبلی میں اُمیدواروں کے تناسب سے اقلیتوں کی مزید 4 اور خواتین کی 20  نشستیں حاصل ہوئیں، 24 مخصوص نشستیں حاصل ہونے کے بعد اب مسلم لیگ ن کی قومی اسمبلی میں نشستوں کی کل تعداد 108 ہو گئی ہے-

اسی طرح پاکستان پیپلز پارٹی کے 54 امیدوار قومی اسمبلی کی جنرل نشستوں پر کامیاب ہوئے ہیں ، جب کہ پیپلز پارٹی میں قومی اسمبلی کے لیے کسی آزاد امیدوار نے شمولیت اختیار نہیں کی۔ اس طرح پاکستان پیپلز پارٹی کو اقلیتوں کی 2 نشستیں حاصل ہوئی ہیں جب کہ خواتین کی 12 نشستیں حاصل کرنے کے بعد قومی اسمبلی میں اس کی نشستوں کی مجموعی تعداد 68 ہو گئی ہے۔

اسی طرح قومی اسمبلی کے لیے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے 17 امیدوار کامیاب ہوئے ہیں اس تناسب سے ایم کیو ایم کو اقلیتی ایک نشست حاصل ہوئی ہے جب کہ قومی اسمبلی میں انہیں خواتین کی 4 نشستیں دی گئیں جس کے بعد ایم کیو ایم کی قومی اسمبلی میں نشستوں کی تعداد 22  ہو گئی ہے۔

اسی طرح استحکام پاکستان پارٹی ( آئی پی پی ) کے قومی اسبملی کے لیے 3 امیداور وں نے کامیابی حاصل کی تھی جس کے تناسب سے انہیں قومی اسمبلی کے لیے خواتین کی 1 نشست حاصل ہوئی، اب آئی پی پی کی قومی اسمبلی کی نشستوں کی تعداد 4 ہو گئی ہے- مجلس وحدت المسلمین کا 1 امیدوار قومی اسمبلی کی جنرل نشست پر کامیاب ہوا ۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری فہرست کے مطابق جمیعت علما اسلام ف کے 6 اُمیدوار قومی اسمبلی کی نشستوں پر کامیاب ہوئے ہیں جس کے بعد اسے 2 خواتین کی مخصوص نشستیں دی گئیں اب قومی اسمبلی میں جے یو آئی کی جنرل نشستوں کی کل تعداد 8 ہو گئی ہے۔ پاکستان مسلم لیگ ق کے 3 اُمیدوار قومی اسمبلی کی جنرل نشستوں پر کامیاب ہوئے، خواتین کی ایک نشست اور ایک آزاد اُمیدوار کی شمولیت کے بعد ان کی تعداد 5 ہو گئی ہے۔

اسی طرح مسلم لیگ ضیاء، بلوچستان عوامی پارٹی، بلوچستان نیشنل پارٹی، نیشنل پارٹی اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے 1 ایک رکن نے قومی اسمبلی کی نشست پر کامیاب ہوئے تھے۔  8 آزاد امیدوار تاحال کسی جماعت میں شامل نہیں ہوئے جب کہ قومی اسمبلی کی 3 نشستیں ابھی زیر التوا ہیں۔

 

Latest Notifications

Create Post