عام انتخابات سے قبل نگران وفاقی کابینہ کے بڑے فیصلے
نگران وفاقی حکومت نے عام انتخابات سے صرف 2 روز پہلے بڑے فیصلے کر لئے ہیں ۔وفاقی کابینہ نےپی آئی اے کی تنظیم نو ، فرسٹ وومن بینک لمیٹڈ کی نجکاری اور پشاور میں آٹھ احتساب عدالتوں میں سے چار کو اسپیشل کورٹ بنانے اور مختلف دواؤں کی قیمتیں ڈی ریگولیٹ کرنے کی تجاویزکی منظوری دیدی جبکہ پاکستان آرڈیننس فیکٹریز بورڈ کے رکن اور چیئرمین کے طور پر تعیناتی کی منظوری دے دی۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا۔وفاقی کابینہ نے وزارت دفاعی پیداوار کی سفارش پر لیفٹیننٹ جنرل طاہر حمید شاہ کی پاکستان آرڈیننس فیکٹریز بورڈ کے رکن اور چیئرمین کے طور پر تعیناتی کی منظوری دے دی۔جس کا اطلاق 29 نومبر 2023 سے ہو گا۔
وفاقی کابینہ نے وزارت خارجہ کی سفارش پر میجر عابد منصور خان کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف میں سعودی عرب کی وزارت دفاع کی جانب سے “نوت شجاعت” اور “نوت شرف” کا ایوارڈ، وزارت خارجہ کی سفارش پر محمد اشرف خان، پروٹوکول افسر کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف میں آسٹریا کی حکومت کی جانب سے گولڈ میڈل اور وزارت خارجہ کی سفارش پر ائیر کموڈور سید عمران علی کیلئے ان کی خدمات کے اعتراف میں پاکستانی سفارت خانہ ٹوکیو میں بطور ڈیفنس اتاشی خدمات سرانجام دینے پر ڈیفنس کوآپریشن ایوارڈ فرسٹ کلاس کا ایوارڈ وصول کرنے کی اجازت دے دی۔
وفاقی کابینہ نے وزارت قانون و انصاف کی سفارش اور چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کی تجویز پر پشاور میں 8 میں سے 4 احتساب عدالتوں کو خصوصی عدالتوں میں بدلنے کی منظوری دے دی۔ اس کے علاوہ ان عدالتوں کے ججوں کی تقرری کے حوالے سے چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کی تجویز منظور کر لی گئی ہے۔ جبکہ باقی عدالتیں احتساب عدالتوں کے طور پر کام کرتی رہیں گی۔
نگرا ن وفاقی کابینہ نے نجکاری ڈویژن کی سفارش پر پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی تنظیم نو کی منظوری دے دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پی آئی اے گزشتہ کئی برسوں سے خسارے میں ہے۔ کابینہ کے گزشتہ اجلاسوں میں پی آئی کی مالی و انتظامی تنظیم نو کے لیے فنانشل ایڈوائزر کی تقرری کی منظوری دی گئی۔
فنانشل ایڈوائزر کی جانب سے بین الاقوامی مثالوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پی آئی اے کی مالیاتی تنظیم نو کا منصوبہ تشکیل دیا گیا جس کے تحت پی آئی اے کو دو کمپنیوں ٹاپ-کو اور ہولڈ-کو میں تقسیم کر دیا جائے گا۔وفاقی کابینہ نے کابینہ کی ذیلی کمیٹی برائے نجکاری کو حکومتی ملکیتی اداروں کے پی آئی اے پر تصفیہ طلب رقوم کے حوالے سے معاملات جلد نمٹانے کے ہدایت بھی دی۔
وفاقی کابینہ نے وزارت نجکاری کی سفارش پر فرسٹ وویمن بینک لمیٹڈ کی نجکاری کی منظوری دے دی۔ وفاقی کابینہ نے وزارت قومی صحت کی سفارش پر ان ادویات کی قیمتوں کی ڈی-ریگولیشن کے حوالے سے تجاویز کی منظوری دے دی جو کہ انتہائی ضروری ادویات کی نیشنل لسٹ میں شامل نہیں ہیں۔
ان تجاویز کے تحت نیشنل لسٹ میں موجود انتہائی ضروری ادویات کے علاوہ ادویات کی قیمتوں کو ڈرگ ایکٹ 1976 سے مستثنیٰ قرار دیا جائے گا اور ڈرگ پرائیسنگ پالیسی 2018 میں ضروری ترامیم کی جائیں گی۔ مزید برآں پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل اس بات کو یقینی بنائے گی کہ ڈاکٹر کی جانب سے مریضوں کو وٹامنز ، ملٹی وٹامنز ، منرلز اور اوور دی کائونٹر مصنوعات تجویز نہیں کی جائے گی۔
ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی وٹامنز ، ملٹی وٹامنز ، منرلز اور اوور دی کائونٹر مصنوعات کی فہرست مروجہ عالمی معیار کے مطابق مرتب کرے گی اور اس حوالے سے صوبائی حکومتوں سے بھی رابطے میں رہے گی۔ وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 01یکم فروری 2024 کو منعقد ہونے والے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کر دی۔