عام انتخابات 2024 کیلئے انتخابی مہم کا آج آخری روز، پولنگ کے سامان کی ترسیل بھی مکمل
ملک بھر میں 8 فروری کو شیڈول عام انتخابات 2024 کے لئے انتخابی مہم کا آج آخری روز ہے اور رات 12 بجے کے بعد کوئی بھی امیدوار کسی سیاسی سرگرمی میں شریک نہیں ہوگا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان ( ای سی پی ) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق عام انتخابات 2024 کے لئے انتخابی مہم کا وقت منگل کی رات 12 بجے ختم ہو جائے گا جس کے بعد کوئی بھی امیدوار کسی قسم کی سیاسی سرگرمی میں شرکت نہیں کر سکے گا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی مہم کا وقت ختم ہونے کے بعد خلاف ورزی کرنے والے کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق میڈیا پولنگ کے اختتام کے ایک گھنٹہ گزرنے کے بعد نتائج نشرکر سکتا ہے ،میڈیا پریہ واضح طور پر بتایاجائے گا کہ یہ رزلٹ غیر حتمی و غیر سرکاری ہیں۔
اعلامیہ کے مطابق ریٹرننگ آفیسرز پولنگ اسٹیشنز کا مکمل غیرحتمی رزلٹ جاری کریں گے ، میڈیا انتخابی عمل کے دوران ضابطہ اخلاق کی پابندی کرے گا۔
خلاف ورزی پر پیمرا اور پی ٹی اے کو قانونی کارروائی کرنے کی ہدایات جاری کرد ی گئی ہیں۔
عام انتخابات کیلئے پولنگ کے سامان کی ترسیل بھی مکمل ہوگئی ہے۔
دوسری جانب محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق انتخابات کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لئے لاہور، قصور، شیخوپورہ میں پاک فوج کے جوان پہنچ گئے ہیں جبکہ منڈی بہاوالدین ، چکوال ، جہلم اور سرگودھا سمیت دیگراضلاع میں فوج کے دستے کل پہنچیں گے۔
محکمہ داخلہ کے مطابق تمام اضلاع اس سلسلے میں پاک فوج سے رابطے میں ہیں ، الیکشن میں امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے، صوبہ بھر میں الیکشن کے انتظامات کو مانیٹر کیا جارہا ہے، حساس پولنگ سٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا کام بھی جاری ہے۔