فیس بک پر نئے فراڈ کا انکشاف
فیس بک صارفین کو ایک نئے اسکینڈل کے بارے میں خبردار کیا گیا ہے جس میں لوگوں کو کسی کی اچانک موت کی خبر کے جعلی لنکس پر کلک کرنے کے لیے دھوکہ دیا جاتا ہے۔
ماہرین نے میٹا پلیٹ فارم پر پھیلی ہوئی ایک جعل سازی مہم کا انکشاف کیا ہے، جس میں ہیکرز لوگوں کو ‘مجھے یقین نہیں آرہا کہ وہ چلا گیا ہے، میں اسے بہت یاد کروں گا’ اور جعلی پوسٹ کے لنک پر کلک کرنے کی ترغیب دیتے ہوئے دھوکہ دے رہے ہیں۔
ویب سائٹ بلیپنگ کمپیوٹر کے مطابق یہ لنک صارفین کو ایسی ویب سائٹ پر لے جاتا ہے جہاں سے ان کی فیس بک کی تمام معلومات چوری ہو جاتی ہیں۔
ماہرین کے مطابق یہ خاص مہم تقریباً ایک سال قبل شروع ہوئی تھی۔ اس کے بعد سے ان دھوکے بازوں نے ہیک کیے گئے اکاؤنٹس کا انبار لگا دیا ہے تاکہ دوسرے صارفین کو آسانی سے دھوکہ دیا جا سکے۔
جب کوئی پوسٹ یا لنک کسی دوست یا رشتہ دار کی طرف سے آتا ہے، تو اس پر یقین کرنا آسان ہوتا ہے اور یہی چیز لوگوں کو شکار بناتی ہے۔
فیس بک ان غیر محفوظ پوسٹس کو ہٹانا جاری رکھے ہوئے ہے، لیکن پلیٹ فارم اتنا تیز رد عمل ظاہر نہیں کرتا جتنا کہ جعل ساز کرتے ہیں۔
تاہم، فیس بک نے بڑی حد تک پوسٹ میں ان گمراہ کن فیس بک ری ڈائریکٹ لنکس کو غیر فعال کرنے کا انتظام کیا ہے لہذا وہ اس طرح سے مزید فعال نہیں ہیں۔