ٹیسلا کمپنی کے روبوٹ کے انسان پر حملے کا انکشاف
معروف امریکی آٹومیکر اور ٹیکنالوجی کمپنی ’ٹیسلا‘ کی گاڑی بنانے والی فیکٹری کے ایک روبوٹ نے انسانوں پر حملہ کردیا، واقعے میں ایک انجینئر شدید زخمی ہوگیا۔
امریکی ویب سائٹ نیو یارک پوسٹ کے مطابق واقعہ امریکی شہر آسٹن میں قائم گیگا ٹیکساس فیکٹری میں پیش آیا، کمپنی کے دو عینی شاہد ملازمین نے بتایا کہ گاڑیوں کے پرزے اٹھانے پر مامور روبوٹ نے دھات سے بنے اپنے نوکیلے پنجے انجینئر کی کمر اور بازو میں گھونپے جس سے ملازم کا خون بہنا شروع ہوگیا اور وہ زمین پر گرگیا۔
رپورٹ کے مطابق ٹیسلا کے روبوٹ نے اس وقت حملہ کیا جب انجینئر 3 ناکارہ روبوٹس کے سافٹ ویئر ڈیزائن کررہا تھا۔
تین ناکارہ روبوٹس میں سے 2 کے سافٹ ویئرز کو بند کردیا گیا جبکہ تیسرا روبوٹ غیر ارادی طور پر فعال رہ گیا، جس نے انجینئر پر حملہ کردیا، زخمی انجینئر کو فوری طور پر اسپتال پہنچادیا گیا جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
واضح رہے کہ امریکی آکوپیشنل سیفٹی اینڈ ہیلتھ ایڈمنسٹریشن کو جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق واقعہ دو سال قبل 2021ء میں پیش آیا تھا۔
رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ گیگا ٹیکساس فیکٹری کا ہر 21 میں سے ایک ملازم گزشتہ سال زخمی ہوا تھا۔ امریکی میڈیا کے مطابق حملے کی وجہ سامنے نہیں آسکی، اس حوالے سے ٹیسلا کمپنی نے بھی تبصرہ کرنے سے انکار کردیا ہے۔