ڈی آئی خان دہشتگردی کے شہدا آبائی علاقوں میں فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک
خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں دہشت گردوں کے حملے میں جام شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے جوانوں کو اپنے اپنے آبائی علاقوں میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق شہدا کی نماز جنازہ میں پاک فوج کے افسران، جوانوں، عزیز اوقارب اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
آئی ایس پی آر نے کہاہے کہ شہدا کی یہ قربانیاں دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پاک فوج کے عزم اور حوصلے کو مزید تقویت دیتی ہیں۔
ترجمان نے عزم کیا کہ دہشت گردوں کے خلاف جاری جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی۔
واضح رہے کہ پیر اور منگل کی درمیانی شب ڈی آئی خان میں مشتبہ سرگرمیوں کے بعد سیکیورٹی فورسز نے مختلف کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 27 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا، تاہم درابن کے علاقے میں سیکیورٹی پوسٹ پر خود کش حملے میں 23 اہلکار بھی شہید ہوگئے تھے۔
آج وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے حملے کے دوران زخمی ہونے والے فوجی جوانوں کی سی ایم ایچ ڈی آئی خان میں عیادت کی۔
اس موقع پر وزیراعطم انوارالحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کے خلاف جنگ ہم جیت چکے ہیں، صرف اعلان ہونا باقی ہے۔