’آپ کی نظر میں کوئی لڑکی ہو تو بتائیں‘، شادی کے سوال پر بلاول کا جواب
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی پشاور میں سینیئرصحافیوں سے غیر رسمی گفتگو ہوئی جس میں ایک صحافی نے ان سے شادی کے حوالے سے بھی سوال کیا۔
صحافی کے پوچھنے پر کہ ’شادی کب کر رہے ہیں‘ بلاول نے مذاقاً کہا کہ ’شادی میری ہونی ہے یا آپ کی، آپ کوکیا پریشانی ہے‘۔
بلاول بھٹو نے صحافی کو مخاطب کرتے ہوئے خوشگوار موڈ میں مزید کہا کہ ’آپ کی نظر میں کوئی لڑکی ہو تو بتائیں‘۔
واضح رہے کہ ان دنوں بلاول بھٹو زرداری کی شادی کے حوالے سے قیاس آرائیاں جاری ہیں۔ پی پی پی کے ذرائع نے یہ انکشاف کیا تھا کہ بلاول بھٹو کے لیے ایک دلہن کا انتخاب کیا گیا ہے اور منگنی دسمبر میں ’متوقع‘ ہے۔
اگرچہ سرکاری طور پرمنگنی کی تقریب کے لیے کسی مخصوص شہر کا انکشاف نہیں کیا گیا ہے تاہم ذرائع کی جانب سے اشارہ ملتا ہے کہ مذکورہ تقریب کراچی یا متحدہ عرب امارات میں کسی ایک جگہ ہوگی۔
جب بلاول بھٹو سے اگلے عام انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے دریافت کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے فیصلےمیں لکھا ہے کہ الیکشن کی تاریخ پتھر پرلکیر ہے اور ہمیں چیف جسٹس کی بات پر مکمل اعتماد ہے۔
ایک اور سوال کے جواب میں چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پنجاب میں 20 حلقوں کےانتخابات کو نہیں سنبھالا جاسکا توپورے ملک میں کیسےدھاندلی کومینیج کیا جائےگا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا میں اپنی جگہ واپس چھینے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی وہ واحد جماعت ہے جسے وفاق میں حکومت ملی تو سب کو ساتھ لے کر چل سکتی ہے۔
ایک اور سوال کے جواب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ آئندہ بننے والی حکومت اگر کمزور ہوئی تو وہ ملک کو مسائل سے نہیں نکال سکے گی۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر ملک کو مشکل سے نکالنا ہوگا۔